حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی کانگریس امیدوارہ وجیہ ریڈی کا دورہ اور عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔11 نومبر(سیاست نیوز) دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی ترقی اور کرپشن سے پاک حکمرانی کے علاوہ مقطعہ مدار صاحب کے مکینوں کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے مسئلہ کو حل کروانے کو ترجیح دی جائے گی۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی کانگریسی امیدوارہ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے اپنے حلقہ کے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کو اراضیات پر قبضہ کرنے والے لینڈ گرابر مافیا سے نجات دلوانے کانگریس کی کامیابی ضروری ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کے معاملہ میں موجودہ رکن اسمبلی نے محض انہیں گمراہ کیا ہے۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں موجود سلم آبادی کے سینکڑوں مکانات کے رجسٹریشن کے مسئلہ کو حل کروانے کے سلسلہ میں گذشتہ کئی برسوں سے عوام سے وعدہ کیا جا رہاہے لیکن اس مسئلہ کو اب تک بھی حل کرنے کے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے ۔محترمہ پی وجیہ ریڈی نے کہا کہ ان کی کامیابی ان کے حلقہ کے غریب عوام کے مسائل کے حل کی ضمانت ثابت ہوگی۔ پی وجیہ ریڈی سے ملاقات کرنے والے عوام نے ان سے اپیل کی کہ ان کے بنیادی مسائل کے حل کئے جائیں کیونکہ گذشتہ 10تا15 برسوں کے دوران علاقہ کے مسائل کے حل کے بجائے علاقہ میں موجود کھلی سرکاری و غیر سرکاری اراضیات پر قبضہ کیا جاتا رہا ہے اور ان کوششوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اسی لئے اب حلقہ کے عوام میں تبدیلی کا رجحان تیز ہوچکا ہے ۔ پی وجیہ ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کے علاوہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے ان کی کامیابی کو روکنے کے لئے جو سازش کی جار ہی ہے اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے خود عوام نے بیڑہ اٹھایا ہے کیونکہ وہ ان پر ہونے والے مظالم سے عاجز آچکے ہیں۔
انہو ںنے بھارت راشٹرسمیتی اور کے سی آر خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کلواکنٹلہ خاندان کی سرپرستی میں حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں سرکاری و خانگی اراضیات کے علاوہ اوقافی اراضیات کو تباہ کیا جا رہاہے ۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے بتایا کہ مقطعہ مدار صاحب کے بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اس علاقہ کی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا وہ وعدہ کررہی ہیں اور اوقافی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں میں وہ اپنا مکمل تعاون کرتے ہوئے ان جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔