ملک بھر میں امبیڈکر سمان مارچ نکالا جائے گا : کانگریس

   

نئی دہلی : کانگریس نے آج کہا ہے کہ پارٹی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے اعزاز میں ملک بھر میں پروگرام منعقد کرے گی اور ملک بھر میں امبیڈکر سمان مارچ نکالا جائے گا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پارٹی اگلے ہفتہ ملک بھر میں امبیڈکر سمان ہفتہ منائے گی اور 24 دسمبر کو ملک بھر میں مارچ نکالے جائیں گے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا ‘‘ہماری تحریک وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتی رہے گی۔ ہم ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی وراثت کی حفاظت کے لیے ان منواسمرتی کے پوجا کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے ۔ پارٹی اگلے ہفتہ ڈاکٹر امبیڈکر سمان ہفتہ کے طور پر منائے گی۔ وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کے تمام ممبران پارلیمنٹ، سینئر لیڈران اور ورکنگ کمیٹی کے ممبران 22-23 دسمبر کو ملک بھر میں اپنے اپنے حلقوں اور ضلع ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور 24 دسمبر کو ملک بھر میں بابا صاحب امبیڈکر سمان مورچہ نکالیں گے ۔ ہم ضلع کلکٹروں کے ذریعے صدر کو ایک میمورنڈم پیش کریں گے جس میں امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کانگریس کے کارکن بابا صاحب کی مورتی پر پھول چڑھائیں گے ۔ وہ مارچ کی پہلی لائن میں ان کی ایک بڑی تصویر رکھیں گے اور اپنے اہم مطالبات کے ساتھ بڑے بڑے پلے کارڈز اٹھائیں گے ۔ پھر 26-27 ڈسمبر کو بیلگام میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا ایک توسیعی اجلاس ہوگا اور ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ جہاں ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے نظریات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔