ملک بھر میں آج کانگریس کی جانب سے شہید فوجیوں کو خراج

   

Ferty9 Clinic

29 جون کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف دھرنا،ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ہدایات
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے کل 26 جون کو ملک بھر میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 29 جون کو ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 26 جون کو شہیدوں کو سلام دیوس منایا جائے اور 11 تا 12 بجے دن لداخ میں ملک کی حفاظت کیلئے جان کی قربانی دینے والے فوجی جوانوں کو خراج پیش کیا جائے۔ اس پروگرام کے ذریعہ کانگریس پارٹی کرنل سنتوش کمار اور دیگر فوجی جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہتی ہے۔ پارٹی قائدین اور ورکرس کو شہید اسمارک یا مہاتما گاندھی یا پھر قومی قائدین کے مجسموں کے پاس پہنچ کر ایک گھنٹہ تک شہید جوانوں کو خراج پیش کرنا چاہئے ۔ احتجاج کے مقام پر قومی ترنگا آویزاں کیا جائے ۔ ایک گھنٹہ تک کسی نعرہ بازی کے بغیر خاموشی کے ساتھ یہ پروگرام منعقد کیا جائے ۔ پروگرام کے بعد پارٹی قائدین مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے میڈیا سے خطاب کریں گے ۔ پارٹی کی جانب سے شہیدوں کی یاد میں قومی سطح پر آن لائین مہم شروع کی جائے گی ۔ سوشیل میڈیا ڈپارٹمنٹس اس میں حصہ لیں گے۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں کو دونوں پروگراموں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ پارٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی مذمت کی۔ لاک ڈاؤن سے پریشان حال عوام پر زائد بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ 29 جون کو صبح 10 تا 12 بجے دن تمام ضلع کوارٹرس پر دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ دھرنے میں سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومت کے دفاتر کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تمام ضلع کمیٹیوں کو پروگرام میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین کو شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے وقت قومی پرچم ساتھ رکھنا چاہئے۔