ملک میں شدید گرمی کا عرصہ طویل ہونے کے آثار

   

نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) ہندوستان کے تمام بڑے شہروں میں ان دنوں شدید گرمی کا سامنا ہے اور آئندہ شدید گرمی کا عرصہ مزید بڑھنے کے آثار ہیں۔ آئی پی ای گلوبل اور ایسری انڈیا کے مطالعہ کے مطابق، 2030 تک ممبئی، دہلی، چنئی، حیدرآباد، سورت، تھانے ، پٹنہ اور بھونیشور جیسے شہری علاقوں میں گرمی کا دورانیہ دوگنا ہونے کی امید ہے ۔ نئی دہلی میں گلوبل-ساؤتھ کلائمیٹ رسک سمپوزیم میں ’ویدرنگ دی اسٹارم: مانسون ان اے وارمنگ کلائمیٹ‘ کے عنوان سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں یہ پیشگوئی کی گئی ہے ، جو کہ آنے والے سالوں کے لیے سنگین تصویر پیش کرتی ہے ، کیونکہ ہندوستان اب تیزی سے بدلتی ہوئی آب و ہوا کی بلند ترین سطح کا سامنا کر رہا ہے ۔ ہندوستان میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران شدید گرمی کے دنوں میں 15 گنا اضافہ درج کیا گیا ہے ، جب کہ گزشتہ ایک دہائی میں اس میں 19 گنا اضافہ ہوا ہے ۔