ملک و قوم کیلئے مولانا آزاد کی خدمات انمٹ نقوش

   

کریم نگر میں مشاعرہ، ڈاکٹر ایس اے شکور، ریاض علی رضوی کا خطاب
کریم نگر۔ یکم؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مولانا ابوالکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریمنگر کے زیراہتمام کل ہند مزاحیہ مشاعرہ کا انعقاد پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر دائرتہ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کی صدارت میں کریسٹل کنونشن کریم نگر میں منعقد ہوا۔ مشاعرہ سے قبل پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر دائرتہ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے مخاطب کرتے ہوئے مولانا ابوالکلام آزاد کو ایک سیکولر نظریات کی حامل شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار نبھاتے ہوئے ملک و قوم کی عظیم خدمت کی ہے۔ ملک ابوالکلام آزاد جیسی شخصیت کی 136ویں یوم پیدائش کے ضمن میں کل ہند مشاعرہ منعقد کرنے پر ریاض علی رضوی صدر مولانا آزاد سوسائٹی کریمنگر اور ان کے رفقاء کو مبارکباد پیش کی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی ملک و قوم کے لیے انجام دی گئی خدمات کو عوام بالخصوص ہماری نئی نسل کو واقف کروایا جائے تب ہی تو ہم ان کو صحیح معنوں میں خراج عقیدت پیش کرسکیں گے۔ محمد ریاض علی رضوی صدر مولانا آزاد سوسائٹی کریمنگر و کنوینر مشاعرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد ایک ہمہ گیر شخصیت کے حامل شخصیت کا نام ہے جنھوں نے اپنی ساری زندگی ملک اور قوم کے نام وقف کردی تھی۔ ریاض علی رضوی نے کہا کہ مولانا آزاد سوسائٹی کا قیام 2010میں لایا گیا تاکہ نئی نسل کو مولانا آزاد کی تعلیمات و خدمات سے روشناس کروایا جاسکے۔یہی وہ وجہہ ہے کہ سوسائٹی ہر سال تحریری ،تقریری و کوئیز مقالوں کا انعقاد کرتے ہوئے اردو میڈیم کے ساتھ ساتھ تلگو و انگریزی میڈیم طلباء￿ میں مولانا ابوالکلام آزاد کی قوم وملک کے لیے انجام دی گئی خدمات سے واقف کروایا جاسکے۔ ڈاکٹر مشتاق علی چیرمین لکش انٹرنیشنل گروپ آف اسکولز نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد جیسی عظیم شخصیت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ بعد ازاں مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا جس کی نظامت منور علی مختصر نے انجام دیں۔مجاور مالیگاؤں ، شاہد عدیلی ، وحید پاشاہ قادری ، چچا پالموری ، لطیف الدین لطیف ،ٹیپیکل جگتیالی ، دلیر کملاکر بھینسوی نے اپنا مزاحیہ کلام پیش کرتے ہوئے زبردست داد وتحسین حاصل کی۔ لیکن مجاور مالیگاؤں ، شاہد عدیلی ، وحید پاشاہ قادری ،لطیف الدین لطیف دلیر کملاکر بھینسوی نے مشاعرے کو لوٹ لیا۔ مقامی شعراء کرام میں امجد سلیم امجد ،راحل کریمنگری نے اپنا ادبی کلام پیش کیا تو مسعود علی اکبر و شفیق احمد اطہر نے اپنا اپنا مزاحیہ کلام پیش کیا۔سامعین کی سینکڑوں تعداد مشاعرے میں شریک تھی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ رات دیر گئے 2بجے شب مشاعرے کا اختتام عمل میں آیا۔بعدازاں تمام مہمانان کی شال پوشی کی گئی۔شہ نشین پر محمد عباس سمیع سابق ڈپٹی میئر ، مظہر محی الدین ساجد، محمد عبد الصمد نواب ، محمد عبد الکریم زاہد مالک آعظم جیولرز کریمنگر ، جوا ئنٹ کنوینرسید اشتیاق احمد فاروقی، کو کنوینر میر شوکت علی ، محمد فیاض علی رضوی ،محمد اکرم علی ، محمد عبدالمقتدر مکرم، اظہر دبیر و دیگر موجود تھے۔