ملک کی آزادی اور ترقی میں کانگریس قائدین کا غیر معمولی رول: مہیش کمار گوڑ

   

Ferty9 Clinic

منریگا سے گاندھی جی کا نام حذف کرنے کی مذمت، گاندھی بھون میں کانگریس یوم تاسیس تقاریب

حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قیام کی 140 سال کی تکمیل پر آج گاندھی بھون میں یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس سیوا دل کے قیام کو 102 سال مکمل ہوگئے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ریاستی وزراء پونم پربھاکر، محمد اظہر الدین، جی ویویک وینکٹ سوامی اور سینئر قائدین کے ہمراہ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار پٹیل کے مجسموں پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشینوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے جدوجہد آزادی اور ملک کی ترقی میں کانگریس کے رول کو دنیا کے لئے مثالی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا شمار دنیا کی قدیم ترین پارٹیوں میں ہوتا ہے۔ جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی اور دیگر قائدین نے عظیم تر قربانیاں پیش کی ہیں جس کے نتیجہ میں آج ملک آزاد ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے ہندوستان کو ایک مضبوط عالمی طاقت کے طور پر مختلف شعبوں میں ترقی کو یقینی بنایا۔ ان کے دور میں کئی آبپاشی پراجکٹس اور اہم تعلیمی ادارے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں ترقی دی۔ دشمن ممالک کو اندرا گاندھی نے منہ توڑ جواب دیا تھا لیکن موجودہ مودی حکومت پاکستان سے خوفزدہ ہے۔ بینکوں کو قومیانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ ملک کی معاشی ترقی میں پی وی نرسمہا راؤ اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کے کارناموں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام خارج کرنے سے مودی حکومت کی جانبداری اور تنگ نظری کا اظہار ہوتا ہے۔ اسکیم سے گاندھی جی کا نام نکالنے سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب مودی حکومت کو معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کی فراہمی کے لئے تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2029 لوک سبھا چناؤ میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئے گی اور راہول گاندھی ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ ریاستی وزراء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منریگا اسکیم سے گاندھی کا نام حذف کرنے کی مذمت کی۔ 1