ملک کے بڑے ریسکیو آپریشن میں بچائے گئے راہول ساہوکی حالت بہتر

   

بلاس پور/جانجگیر: چھتیس گڑھ کے جانجگیر۔چاپاضلع کے پہرید میں ملک کے سب سے بڑے بچاؤ آپریشن میں بورویل میں پھنسے راہول ساہو کودیر رات 104 گھنٹے بعد فوج، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی مدد سے بچا لیا گیا اور اسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔ تقریباً 11 سالہ راہول کی صحت میں بہتری آرہی ہے ۔راہول کو باہر نکالنے کے بعد موقع پر موجود میڈیکل ٹیم کے ذریعہ صحت کا پرائمری چیک اپ کیا گیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر راہول کو فوری طور پر بہتر علاج کیلئے گرین کوریڈور بنا کر اپولو اسپتال بلاس پور بھیجا گیا۔ اپولو اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ راہول کی تفصیلی جانچ جاری ہے اور اس کی حالت میں بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تفصیلی جانچ کے بعد ہیلتھ بلیٹن جاری کیا جائے گا۔طویل ترین ریسکیو آپریشن میں بالآخر 104 گھنٹے کی مشقت کے بعد راہول کو رات گئے بحفاظت نکال لیا گیا۔ آپریشن راہول ۔ہم ہوں گے کامیاب کے ساتھ راہول کو بچانے کیلئے تقریباً 65 فٹ نیچے گڑھے میں اترنے والی ریسکیو ٹیم نے کافی مشقت کے بعد راہول کو بحفاظت باہر نکالا۔ جیسے ہی راہول سرنگ سے باہر آیا۔ اس نے آنکھیں کھول کر ایک بار پھر دنیا کو دیکھا۔ یہ لمحہ سب کیلئے خوشی کا عظیم لمحہ تھا۔ بورویل میں پھنسے راہول کو بچانے کے لیے وزیر اعلیٰ مسٹر بگھیل نے ضلع انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دی تھیں۔ بالآخر کلکٹر جتیندر کمار شکلا کی قیادت میں ملک کا سب سے بڑا بچاؤ آپریشن کیا گیا۔ بچاؤ ٹیم نے سرنگ کے راستے میں بار بار مضبوط چٹان آنے کی وجہ سے 4 دن تک جاری رہنے والے اس آپریشن کو انجام دے کر معصوم راہول کو نئی زندگی دی ہے ۔