وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے افتتاح کیا، 8 ریاستوں کے صدورنشین اور 18 ریاستوں کے مندوبین کی شرکت
حیدرآباد 12 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے نلسار یونیورسٹی آف لا کے اشتراک سے پبلک سرویس کمیشنوں کو درپیش قانونی مسائل پر قومی سطح کا ورکشاپ منعقد کیا۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے دو روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ اِس موقع پر ڈاکٹر اجئے کمار آئی اے ایس ریٹائرڈ، صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بی وینکٹیشم، پروفیسر سری کرشنا دیوا راؤ وائس چانسلر نلسار اور دوسرے موجود تھے۔ 18 ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشنوں کے نمائندوں نے ورکشاپ میں شرکت کی جن میں 8 صدورنشین، 13 ارکان، 5 سکریٹریز اور 17 سینئر عہدیدار شامل ہیں۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے رکن دنیش داسا اور جوائنٹ سکریٹری گوپال اجمیرا کے علاوہ انڈر سکریٹری شریمتی سری کلا نے بھی مباحث میں حصہ لیا۔ ملک میں پبلک سرویس کمیشنوں کے مسائل اور خاص طور پر قانونی دشواریوں میں اضافہ کا جائزہ لینے کے لئے ورکشاپ منعقد کیا گیا تاکہ تنازعات کی یکسوئی کی حکمت عملی طے کی جاسکے۔ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو نے ورکشاپ کی ستائش کی اور کہاکہ ملک کے تمام پبلک سرویس کمیشنوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر اجئے کمار نے کلیدی خطبہ دیا اور آرٹیفیشل انٹلی جنس کے استعمال کا مشورہ دیا تاکہ کمیشنوں پر کارکردگی کا بوجھ کم ہو۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین بی وینکٹیشم نے کہاکہ ورکشاپ میں مذاکرات اور مباحث کے ذریعہ پبلک سرویس کمیشنوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام کمیشنوں کو یکساں نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔ قانونی تنازعات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ پیانل ڈسکشن میں ڈاکٹر دنیش داسا، پی روی صدرنشین بہار پبلک سرویس کمیشن، شریمتی اے آر انورادھا صدرنشین آندھراپردیش پبلک سرویس کمیشن، شریمتی ریٹا سندھیالا صدرنشین چھتیس گڑھ پبلک سرویس کمیشن، کے آر پربھاکر صدرنشین ٹاملناڈو پبلک سرویس کمیشن، ڈاکٹر سری کرشنا دیوا راؤ وائس چانسلر نلسار، جسٹس پی نوین راؤ سابق جج تلنگانہ ہائیکورٹ، سینئر ایڈوکیٹ روی چندر لکشمی نارائنا اور دوسروں نے حصہ لیا۔1