کوچی، 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالہ کے کوچی شپ یارڈ سے ملک پہلے جنگی جہاز ‘وکرانت’ کے چار سب سے بہترین کمپیوٹرزکے الیکٹرک پارٹس چوری ہو گئے ہیں۔ ملک کے سب سے زیادہ محفوظ مقامات میں شمار اس علاقے میں سیکورٹی میں نقب کو زبردست چوک مانا جا رہا ہے ۔وکرانت کا بحریہ کے بیڑے میں سال 2021 میں شامل کئے جانے کا پروگرام ہے ۔کوچی شپ یارڈ لمیٹڈ (سي ایس ایل) کے ذرائع نے ‘یو این آئی’ کو چہارشنبہ کو بتایا کہ ‘وکرانت’ کے چار کمپیوٹرز کے ہارڈ ڈسک، رینڈم ایکسیس میموری ( آر اے ایم ) اور پروسیسر چوری ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ چوری کب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ شپ یارڈ کے منیجر نے اس سلسلہ میں ارناکلم (ساؤتھ) پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی ہے ۔پولیس ڈائرکٹر جنرل لوک ناتھ بیھرا نے واقعہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ معاملہ کی جانچ کے لئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل کی گئی ہے ۔فوج کا دعوی ہے کہ جنگی جہاز سے اسٹریٹجک اہمیت کے کوئی اوزار چوری نہیں ہوئے ہیں ،تاہم قومی تفتیشی ایجنسیوں نے تحقیقات کا کام شروع کر دیا ہے ۔