ملکارجن کھرگے سے ریونت ریڈی کی ملاقات، منوگوڑ نتیجہ پر رپورٹ پیش

   

سینئر قائدین کے عدم تعاون رویہ کی شکایت، پرینکا گاندھی سے ملاقات کا امکان
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور منوگوڑ ضمنی چناؤ میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ پر رپورٹ حوالے کی۔ اگرچہ یہ ملاقات خیرسگالی بتائی جارہی ہے لیکن منوگوڑ ضمنی چناؤ کے نتیجہ کے بعد ملاقات اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ ریونت ریڈی محکمہ دفاع کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے سلسلہ میں گذشتہ تین دن سے نئی دہلی میں ہیں۔ انہوں نے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ہائی کمان کو تجاویز پیش کی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں سینئر قائدین کے عدم تعاون رویہ کی شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ انچارج مقرر کئے جانے کے باوجود کئی سینئر قائدین مہم کیلئے ایک دن بھی نہیں گئے اور نہ ہی امیدوار کی کوئی مدد کی۔ پارٹی امیدوار پی شراونتی نے سینئر قائدین کو مہم میں حصہ لینے کیلئے دیئے گئے مسیجس کی تفصیلات پہلے ہی ریونت ریڈی کو روانہ کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے کو ریونت ریڈی نے بعض قائدین کے رویہ سے واقف کرایا اور کہا کہ اگر پارٹی میں ڈسپلن برقرار رہے تب ہی آئندہ انتخابات میں بہتر مظاہرہ کی امید کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی عاملہ کی تشکیل، ضلع صدور کی نامزدگی اور محاذی تنظیموں میں تقررات کیلئے مکمل اختیارات کی مانگ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ حیدرآباد کا کیا اور بھارت جوڑو یاترا کے جلسہ عام میں شرکت کی۔ نئے پارٹی صدر منتخب ہونے کے بعد دہلی میں ریونت ریڈی کی کھرگے سے پہلی ملاقات ہے۔ اسی دوران ریونت ریڈی سینئر قائد پرینکا گاندھی سے ملاقات کا وقت طلب کرچکے ہیں تاکہ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا جائے۔ر