دہلی ایرپورٹ پر 30 کروڑ روپئے مالیتی منشیات ضبط، نائجیریائی خاتون محروس
ممبئی؍دہلی: ملک کے مختلف ایرپورٹس پر ان دنوں بیرون ممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے اسمگل کیے جانے والے کروڑہاروپئے مالیتی بڑی مقدار میں سونا،غیر ملکی کرنسی،سگریٹ اور منشیات کی ضبطی کی خبریں عام ہوتی جارہی ہیں۔2 نومبر کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کسٹمس عہدیداروں نے ایک نائجیرین خاتون کے قبضہ سے 30 کروڑ روپئے مالیتی ہیروئن (منشیات) ضبط کی تھی جو ملک میں اسمگل کی جارہی تھی۔ملزمہ پیر کے دن لاگوس سے براہ دوحہ ممبئی ایرپورٹ پہنچی تھی۔محکمہ کسٹمس ممبئی کے ایک عہدیدار کے مطابق اس خاتون مسافر کے قبضہ سے زائداز چار کلو ہیروئن (منشیات) ضبط کی گئی جس کی مالیت 30 کروڑ روپئے ہے،جو کہ ایک سفری بیاگ کے اندر چھپائی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہاکہ اس خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا اور منشیات ضبط کرلی گئی۔بعد ازاں اس خاتون کو ضبط شدہ ہیروئن کے ساتھ محکمہ نارکوٹکس کے حوالے کردیا گیا۔کل 3 نومبر کوممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ممبئی ایر انٹلی جنس یونٹ کسٹمس کے عہدیداروں نیایک ہی خاندان کے تین افراد کے قبضہ سے چار لاکھ 97 ہزار امریکی ڈالرز ضبط کرلیے۔جن کی مالیت چار کروڑ ایک لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ان تینوں کو گرفتار کرلیا گیا۔محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کے مطابق یہ تین رکنی خاندان ممبئی سے دبئی پرواز کرنے والا تھا۔اس ہندوستانی خاندان کے تینوں مسافرین کے سامان کی تلاشی لی گئی تو کپڑوں اور جوتوں میں چھپاکریہ امریکی ڈالرز دبئی اسمگل کیے جارہے تھے۔کسٹمس عہدیداروں کے مطابق بعدازاں گرفتار شدگان کو عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔