ممبئی میں کورونا کے پھیلنے کی شرح میں کمی : بی ایم سی کا دعوی

   

ممبئی ۔ 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی میں کورونا وائرس کی وباء کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ اس وائرس کے پھیلنے کی شرح بھی گھٹ گئی ہے ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے یہ دعوی کیا ۔ کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ 2 جون تک کا جو ڈاٹا تھا اس کے مطابق شہر میں یومیہ کورونا کے پھیلنے کی شرح 8 فیصد سے گھٹ کر اب 3.64 فیصد ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرا میں ممبئی ہی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں 41,986 کورونا مریض ہیں اور 1,368 اموات ہوئی ہیں۔ بی ایم سی کے بموجب اس نے 2 جون تک جملہ 2.08 لاکھ معائنے کئے ہیںجن میں 20.18 فیصد لوگ ہی کورونا پازیٹیو ثابت ہوئے ہیں۔ کارپوریشن عہدیدار نے کہا کہ متاثرین کی تعداد دوگنی ہونے کا وقت بھی بڑھ کر 19 دن ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں ایک دن میں سب سے زیادہ 1,739 کیس 22 مئی کو درج ہوئے جبکہ اقل ترین 404 کیس 13 مئی کو درج ہوئے ہیں ۔ بی ایم سی کے ہی ایک اور سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 22 مئی کے بعد سے تقریبا ہر دن کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے نئے مریضوں کی تعداد 1,500 سے کم ہی رہی ہے اس طرح یہاں کورونا کے پھیلنے کی شرح میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مشتبہ افراد کے معائنوں اور اسکریننگ میں بہت زیادہ اضافہ کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ متاثرہ مریضوں کے رابطوں کا بھی پتہ چلایا جا رہا ہے اور بی ایم سی کی جانب سے کورونا کی وباء کی روک تھام کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔