ممبئی میں26/11کی طرح حملہ کی دھمکی کا پولیس کو فون

,

   

سیکوریٹی ایجنسیاں چوکس‘ فون نمبر پاکستانی ہونے کا د عویٰ‘ جگہ جگہ تلاشی مہم

ممبئی :ایک شخص نے جمعہ کی رات ممبئی پولیس کے ٹریفک کنٹرول سیل کو فون کال کرکے 26/11 کے خوفناک دہشت گردانہ حملے کی طرح حملہ کی دھمکی دی۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ٹریفک کنٹرول سیل کے واٹس ایپ نمبر پر موصول ہونے والی دھمکی ہندوستان سے باہر پاکستانی نمبر سے تھی۔ دھمکی دینے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردانہ حملہ ممبئی میں ہوگا۔محکمہ پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ سیکوریٹی ایجنسیاں اس خطرے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ اس کے لیے رات سے کام جاری ہے۔ اس بارے میں دیگر ایجنسیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 2008 کے ممبئی حملے 26 نومبر 2008 کو شروع ہوئے تھے۔ جب دہشت گردوں نے حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔ جس میں پاکستانی اسلامی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے 10 دہشت گردوں نے چار دنوں کے دوران ممبئی بھر میں 12 مقامات پر فائرنگ اور بم دھماکے کیے۔جمعرات کو مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں ساحل سمندر پر ایک مشکوک کشتی پائی گئی جس میں A۔47 ملے تھے ۔ اس کشتی میں تلوار اور چاقو بھی ملے ہیں۔ کشتی میں 3 AK۔47 رائفلوں کے ساتھ 600 سے زیادہ کارتوس ملے ہیں۔ اتنے مہلک ہتھیاروں سے لیس کشتی لاوارث برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی اداروں میں ہلچل مچ گئی۔اطلاعات کے مطابق یہ کشتی عمان سیکورٹی کی اسپیڈ بوٹ بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کشتی پاکستان سے آئی ہے یا نہیں۔ مہاراشٹرا کی اے ٹی ایس نے رائے گڑھ کے ساحل پر ملنے والی مشکوک کشتی کے سلسلے میں آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کشتی رائے گڑھ کے ہری ہریشور ساحل پر پائی گئی۔ جو ممبئی سے 200 کلومیٹر دور ہے۔ اور پونے سے 170 کلومیٹر دور ہے۔