ممبئی : ورلی بی ایم ڈبلیو ہٹ اینڈ رن کیس کے مرکزی ملزم مہر شاہ کو ممبئی پولیس نے منگل کو گرفتار کرلیا۔ اسے تھانے کے شاہ پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں 12 دیگر لوگوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ مہر شاہ وہ شخص ہے جس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ مہر شاہ تب سے مفرور تھا۔ ممبئی پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے 6 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ اسے ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے ایک لک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔یہ گرفتاری ملزم کے والد شیوسینا لیڈر راجیش شاہ کو کیس میں ضمانت ملنے کے ایک دن بعد عمل میں آئی۔حادثے میں ملوث کار کے مالک راجیش شاہ اور ان کے ڈرائیور راجرشی بداوت کو اتوار کو حادثے کے بعد مہر کو فرار ہونے میں مدد کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں ملزمان کے خلاف قتل سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔