ممتا بنرجی کے قافلہ پر حملہ، گاڑی پر جوتا اور کیچڑ پھینکا گیا

,

   

l غنڈوں کے ذریعہ حملہ کروانے سابق چیف منسٹر مغربی بنگال کا بی جے پی پرالزام
l پولیس حراست میں پارٹی کارکن کی موت کی مذمت ، ارکان خاندان سے ملاقات

نئی دہلی ۔9؍اگست ( ایجنسیز ) سابق چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی اتوار کو پولیس حراست میں جان گنوانے والے ٹی ایم سی کارکن کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کانچرا پاڑہ پہنچی تھیں تاہم وہاں انہیں شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے ممتا بنرجی کی گاڑی کو گھیر کر ’چور، چور‘ کے نعرے لگائے۔ اس دوران گاڑی پر کیچڑ اور جوتا بھی پھینکا گیا۔بی جے پی نے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کانچرا پاڑہ میں ماحول کو بھڑکانے کیلئے پہنچی تھیں جب کہ ممتا بنرجی نے ریاستی حکومت اور پولیس پر اس کیلئے شدید تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے غنڈوں کے ذریعے یہ حرکت کروائی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ سکیورٹی کو بھول جائیں، پولیس غنڈوں کو بچا رہی ہے اور بنگال غنڈوں کے ہاتھ میں چلا گیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرانے کی بات بھی کہی۔ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ ان کی گاڑی پر بڑی اینٹیں بھی پھینکی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اینٹ ان کے سر پر لگ جاتی تو ان کی جان جاسکتی تھی۔ انہوں نے پولیس پر بی جے پی کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست
میں قانون اور نظم و نسق کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ ممتا بنرجی کے ساتھ لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی اور راجیہ سبھا کی رکن ڈولا سین بھی موجود تھیں۔ احتجاج کے بعد دونوں رہنماؤں نے انتظامیہ کے خلاف ناراضی کا اظہار کیا۔ کلیان بنرجی نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور مافیا کے ذریعے کام کروایا جارہا ہے۔یہ پورا معاملہ کانچرا پاڑہ میونسپلٹی کی سابق ترنمول کونسلر جینی شرما کیٹ کے شوہر برجو کیٹ کی پولیس حراست میں موت سے متعلق ہے۔ ہالیشہر تھانے کی پولیس نے برجو کیٹ کو مبینہ طور پر بھتہ خوری سمیت کئی الزامات میں گرفتار کیا تھا۔ جمعہ کو اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے پانچ دن کی پولیس حراست کا حکم دیا تھالیکن ہفتے کو معلوم ہوا کہ وارڈ نمبر 23 کی سابق کونسلر جینی شرما کے شوہر کی پولیس حراست میں موت ہوگئی۔ جینی نے الزام لگایا کہ لاک اپ کے اندر پولیس کی مبینہ پٹائی کے نتیجے میں ان کے شوہر کی موت ہوئی۔ اتوار کو ممتا بنرجی نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور کہا کہ ریاست میں اب قانون اور نظم و نسق نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ریاستی حکومت کی وزیر اگنی مترا پال نے حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے اپنے 14 سالہ دور حکومت میں چاہے کچھ بھی کیا ہو، ان کی گاڑی پر حملہ کرنا، مارپیٹ کرنا، سیاہی پھینکنا یا جوتا اور چپل پھینکنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ نہ بی جے پی ایسی حرکتوں کی حمایت کرتی ہے اور نہ ہی حکومت۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص بی جے پی کے نام یا جھنڈے کا استعمال کرکے ایسی حرکت کررہا ہے تو وہ غلط ہے۔
جنوبی نائیجر میں دو بسوں کی ٹکر 22 افراد ہلاک
ماسکو، 9 اگست (یو این آئی) جنوبی نائجر میں دو بسوں کے درمیان براہ راست ٹکر میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ملک کی وزارت ٹرانسپورٹ کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے ۔ہلاک ہونے والوں میں 17 فوجی شامل ہیں۔ حادثہ میں مزید 37افراد زخمی ہوئے ہیں۔حادثہ ماداوا محکمہ میں پیش آیا، جہاں ایک بس اسی نام کے شہر سے آرہی تھی، جبکہ دوسری بس میں زیادہ تر زِندر شہر سے آنے والے فوجی سوار تھے۔
دونوں بسیں ڈوکو ڈوکو قصبے کے مضافات میں ریزی گاؤں سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر آپس میں ٹکرا گئیں۔