ممنوعہ فہرست کی اراضیات اور جائیدادوں کے مالکین فکرمند نہ ہوں

   

جعلی دستاویزات پر سخت کارروائی ، وزیر مال سرینواس ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔24۔اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ رجسٹریشن ایکٹ کے سیکشن 22A کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ممنوعہ فہرست میں اراضیات اور جائیدادوں سے متعلق نمائندگیوں کی عہدیداروں کو جلد یکسوئی کی ہدایت دی گئی ہے۔ سکریٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ کسی بھی مستحق شخص کو اراضی اور جائیداد سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر ہر پیر کو ضلع عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ درخواستوں کی یکسوئی کی تفصیلات حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 22A کی فہرست میں شامل اراضیات اور جائیدادوں کی تفصیلات کو آن لائین اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں موصولہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڑچل ضلع میں بھودان اراضیات پر موصولہ درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگست تک ٹول فری نمبر پر جملہ 1162 کالس موصول ہوئے ہیں۔ ان کالس کی تفصیلات کو متعلقہ اضلاع روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اراضیات کے علاوہ سرکاری اراضیات پر دعویداری پیش کی گئی ہے۔ 22A کے تحت رجسٹریشن پر پابندی کو اندرون 24 گھنٹے ختم کردیا گیا اور دستاویزات کی جانچ کے بعد رجسٹریشن کی راہ ہموار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی اور جائیدادوں پر دعویداری کے سلسلہ میں عوام کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی اور ہر ایک ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے عدم یکسوئی کی درخواستوں کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جعلی اور گمراہ کن دستاویزات کے ذریعہ رجسٹریشن کی مساعی کی گئی تو ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد جعلی سرکاری احکامات کے ذریعہ عہدیداروں کو گمراہ کرنے کیلئے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی سرکاری احکامات پیش کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ رجسٹریشن کیلئے بک کردہ سلاٹ میں 98 فیصد رجسٹریشن مکمل کردیئے گئے ہیں۔1/k/i