منوگو ڑ ضمنی انتخاب ‘بیشتر ایگزٹ پولس میں ٹی آر ایس کی جیت کی پیش قیاسی

   

12 تا 15 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے جیت کا امکان ۔ بی جے پی کو دوسرا اور کانگریس کو تیسرا مقام مل سکتا ہے
حیدرآباد 3 نومبر ( سیاست نیوز ) منوگوڑ حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے رائے دہی آج شام اختتام کو پہونچی جس کے بعد بیشتر ایگزٹ پولس میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ عوام نے بڑے پیمانے پر ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دیا ۔ ایگزٹ پولس نے جو مختلف اداروں کی جانب سے کئے گئے کہا کہ ٹی آر ایس کو حلقہ منوگوڑ میں جملہ 40 فیصد ووٹس حاصل ہونگے ۔ اس کے نتیجہ میں ٹی آرا یس کی کامیابی یقینی ہوگی ۔ بیشتر سرویز میں دعوی کیا گیا کہ بی جے پی کو دوسرا اور کانگریس کو تیسرا مقام حاصل ہوگا ۔ ایس اے ایس کے بموجب ٹی آر ایس کو 41 تا 42 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں جبکہ بی جے پی کو 35 تا 36 فیصد ووٹ ملیں گے ۔ کانگریس کو 16.5 سے 17.5 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ اگر ووٹنگ کا تناسب 87 سے 88 فیصد رہے تو ٹی آر ایس کو 12000 سے 12500 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی مل سکتی ہے ۔ اسی طرح جنم ساکشی نے پیش قیاسی کی کہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس امیدوار کو 12000 سے 15000 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ ایک اور ایجنسی ایچ ایم آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کو 42.13 فیصد ووٹ حاصل ہونگے جبکہ بی جے پی کو 31.98 فیصد ووٹ ملینگے جبکہ کانگریس کو 21.06 فیصد ووٹرس کی تائید مل سکتی ہے ۔ اسی طرح تھرڈ ویژن ریسرچ اینڈ سروسیس نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو واضح کامیابی حاصل ہوگی ۔ سروے میں کہا گیا کہ پارٹی کو 48 سے 51 فیصد تک ووٹ مل سکتے ہیں ۔ بی جے پی کو 31 سے 35 فیصد تک اور کانگریس کو 13 سے 15 فیصد تک ووٹ حاصل ہونگے ۔ ترشول کنسلٹنگ سروسیس نے بھی پیش قیاسی ٹی آر ایس کے حق میں جاری کی اور کہا کہ پارٹی کو پولنگ کے 47 فیصد ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی کو دوسرا مقام 31 فیصد کے ساتھ اور کانگریس کو تیسرا مقام 18 فیصد ووٹ کے ساتھ حاصل ہوسکتا ہے ۔