چوٹ اپل منڈل میں اقلیتوں کا اجلاس، ارکان اسمبلی بھاسکر راؤ اور سبھاش ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کو اقلیتی رائے دہندوں کی مکمل تائید حاصل ہے اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے مسلم اقلیت کے رائے دہندوں نے ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے آج منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے تحت چوٹ اپل منڈل کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ رکن اسمبلی مریال گوڑہ بھاسکر راؤ، رکن اسمبلی اپل سبھاش ریڈی، صدرنشین میونسپل چوٹ اپل ایم راجو، چوٹ اپل کے مقامی کونسلر بابا شریف، میونسپل کونسلر نلگنڈہ بشیر الدین اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ محمد سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کو چیلنج کرنے والی واحد شخصیت کے سی آر ہیں اور ان کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے جبکہ خود منوگوڑ میں بی جے پی امیدوار اپنی ضمانت بھی نہیں بچا پائیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو بی جے پی ریاستوں میں اختیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے منوگوڑ کے کانگریس رکن اسمبلی کو ذاتی مفادات کے تحت پارٹی میں شامل کرایا۔ انہوں نے کہا کہ راجگوپال ریڈی نے کبھی بھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے گئے اور اقلیتوں کی تائید ہمیشہ ٹی آر ایس کے ساتھ برقرار رہے گی۔ ارکان اسمبلی بھاسکر راؤ اور سبھاش ریڈی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ دولت کے ذریعہ رائے دہندوں کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ کا نتیجہ تلنگانہ میں بی جے پی کے زوال کا آغاز ثابت ہوگا۔ر