منوگوڑ میں سیکولرازم اور فرقہ پرستی کے درمیان اصل مقابلہ

   


کومٹ ریڈی برادرس کو عوامی خدمات سے زیادہ بزنس میں دلچسپی: محمد فاروق حسین
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں اصل مقابلہ سیکولرازم و فرقہ پرستی کے درمیان ہے۔ تاہم ماحول ٹی آر ایس کیلئے سازگار ہے۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخابات میں محمد فاروق حسین نے 4 منڈل میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور بتایا کہ عوام حکومت کے فلاحی اسکیمات سے پوری طرح مطمئن ہے اور ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے عوام 2018ء میں کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو کامیاب بناچکے ہیں مگر انہوں نے چار سال تک حلقہ کی ترقی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ بی جے پی میں شمولیت پر انہیں 18 ہزار کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ تحفہ میں ملا ہے جس کی وجہ سے ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ کومٹ ریڈی برادرس کو صرف اپنے بزنس سے دلچسپی ہے۔ عوامی خدمات کے نام پر وہ تجارت کو ترجیح دیتے ہیں جس سے حلقہ کے عوام بدظن ہیں۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ بی جے پی صرف سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شعبدہ بازی کررہی ہے مگر حقیقی مقابلہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان ہے۔ بی جے پی دولت کے بل بوتے پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ن