حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ہوسکتا ہے کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں غیر جانبدار رہے گی ۔ مجلس کے ایم ایل سی امین الحسن جعفری نے کہا کہ ٹی آر ایس نے منوگوڑ میں مجلس کی تائید و حمایت ہنوز طلب نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں سمجھتا ہوں کہ ٹی آر ایس کو منوگوڑ میں ہماری تائید وحمایت کی ضرورت نہیں ہوگی ‘ ۔ منوگوڑ میں 7650 مسلم ووٹ ہیں اور یہ ووٹ اہم اور کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں کیوں کہ تین بڑی پارٹیاں ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس یہ چناؤ جیتنے کے لیے تمام تر کوشش کررہی ہیں ۔ کل یہاں احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں مسٹر جعفری نے جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا مجلس چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی بی آر ایس کے ساتھ کوئی اتحاد کرے گی تو یہ جواب دیا ۔ جعفری نے کہا کہ مجلس بی آر ایس کا خیر مقدم کرتی ہے لیکن یہ نہیں کہا کہ مجلس اس کی تائید و حمایت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس تائید کرے گی یا نہیں اس کا انحصار بی آر ایس کی پالیسیوں پر ہوگا اور کہا کہ اس کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔۔