منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی مائیکرو سطح کی منصوبہ بندی پر عمل آوری

   


ہر 100 ووٹر پر ایک قائد کو ذمہ داری ۔ یومیہ اساس پر پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے
حیدرآباد 22 ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز) منوگوڑمیں تلنگانہ راشٹرسمیتی نے مائیکرو لیول منصوبہ بندی کرکے ضمنی انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی تیار کی ہے اور ہر 100 ووٹرس پر ایک ٹی آر ایس قائد کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور ان کو ہدایات کے مطابق وہ روزانہ 100 ووٹرس سے ملاقات کرکے انہیں تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کی اسکیمات سے واقف کروائیں گے اور شام کو پارٹی کے اعلیٰ قائدین کو تفصیلی رپورٹ روانہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹی آر ایس نے جملہ 2260 پارٹی کارکنوں اور قائدین کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے ۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کی بوتھ سطح کی منصوبہ بندی پر کہا جار ہاہے کہ 2017 میں گجرات میں امیت شاہ نے جو منصوبہ تیار کیا تھا یہ حکمت عملی اسی کا عکس ہے۔بتایاجاتا ہے کہ گجرات میں بی جے پی نے پنا پرمکھ کی جو منصوبہ بندی کی تھی اسی کو ٹی آر ایس نے نئے انداز میں اختیار کیا ۔ بی جے پی نے پنا پرمکھ یعنی فہرست رائے دہندگان کے ایک صفحہ پر موجود ووٹرس کیلئے ایک قائد کی نامزدگی کے ذریعہ کامیابی حاصل کی تھی ۔ منوگوڑمیں ٹی آر ایس کی حکمت عملی کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ انتخابات تک ان 2260 نگران کاروں کو جو ذمہ داری دی گئی وہ نہ صرف ووٹرس کے درمیان پہنچ کر انتخابی مہم چلارہے ہیں بلکہ رائے دہی کے دن ان ووٹرس کو مراکز رائے دہی تک پہنچانے کے انتظام بھی ان کی ذمہ داری ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے جن کارکنوں اور قائدین کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی وہ یومیہ 2 لاکھ 60 ہزار ووٹرس سے رابطہ کرکے تفصیلی رپورٹ پارٹی کو روانہ کر رہے ہیں اور روزانہ رپورٹ کا سرکردہ قائدین و ماہرین جائزہ لے کر حکمت عملی میں تبدیلیوں کے اقدامات کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن منڈل اور مواضعات میں پارٹی کا موقف کمزور ہے ان میں مقامی مسائل اور صورتحال کا جائزہ لے کر ان کے حل کا تیقن دینے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ٹی آر ایس قائدین جو ہیڈ کوارٹر سے نگرانی کر رہے ہیں وہ مرکز رائے دہی کی سطح پر عوامی رابطہ میں آنے والے قائدین و کارکنوں سے رجحان اور مسائل کی تفصیلات جمع کرکے سرکردہ قائدین ‘منتخبہ نمائندوں اور وزراء کو رپورٹ بھیج رہے ہیں۔م