منوگوڑ میں کانگریس امیدوار شراونتی کے فرضی ویڈیو سے ہلچل

   


چیف منسٹر سے ملاقات کی فرضی تصویر، قانونی کارروائی کرنے امیدوار کا اعلان
حیدرآباد ۔3 ۔ نومبر (سیاست نیوز) انتخابات میں رائے دہی سے عین قبل حریف امیدوار کے خلاف جھوٹی خبروں کو پھیلاکر رائے دہندوں میں الجھن پیدا کرنے کا رجحان تیز ہوچکا ہے۔ منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے اور وہاں آج رائے دہی ہوئی۔ کانگریس امیدوار پی شراونتی کے حامیوں کو آج صبح اس وقت الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب سوشیل میڈیا میں ایک جھوٹا اور فرضی ویڈیو وائرل کیا گیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شراونتی نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ ویڈیو میں تحریف کرتے ہوئے چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے کسی اور قائد کی جگہ شراونتی کی تصویر لگادی گئی ۔ سوشیل میڈیا میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ شراونتی اور چیف منسٹر کی ملاقات کا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ فرضی ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دوباک میں جھوٹی خبروں کے ذریعہ بی جے پی کامیابی حاصل کی، اسی طرح منوگوڑ میں بھی کانگریس امیدوار کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اسی دوران کانگریس امیدوار پی شراونتی نے ٹی وی چیانل کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔ شراونتی نے کہا کہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خوفز دہ ہوکر مخالفین کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں وائرل کرنے کے ذمہ دار کو قانونی نوٹس دی جارہی ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ٹوئیٹر پر فرضی ویڈیو کی اصلیت بیان کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی پر کانگریس کو کمزور کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا گیا۔ ر