منوگوڑ ووٹرس کے اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی، کانگریس کی شکایت

   

حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس نے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس و بی جے پی کی بے قاعدگیوں کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور چیف الیکٹوریل آفیسر تلنگانہ وکاس راج کو یادداشت روانہ کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منوگوڑ کے ووٹر میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم سے متعلق اسکیم کی رقم راست بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں بعض تلگو اخبارات میں شائع خبروں کے تراشے پیش کئے گئے جن میں کہا گیا کہ 5800 استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹس میں 15800 روپئے کی رقم منتقل کی گئی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے اس معاملہ کی تحقیقات کی اپیل کی گئی۔ نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے بوگس نام ووٹر لسٹ میں شامل کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹی و ضلع کلکٹر کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کانگریس ضلع صدر شنکر نائک نے یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔ عہدیداروںکو ووٹر لسٹ میں شمولیت کیلئے 25000 درخواستیں ملی ہیں۔ اب جبکہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کیلئے 24 گھنٹے باقی ہیں۔ دونوں پارٹیاں بوگس ووٹرس کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ر