راجگوپال ریڈی کنٹراکٹ کی خاطر بی جے پی کو فروخت ہوچکے ہیں
وزیر برقی جگدیش ریڈی
حیدرآباد ۔ 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان ہے اور ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ بی جے پی کو تیسرا مقام حاصل ہوگا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے 22 ہزار کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ حاصل کرنے کیلئے اپنے آپ کو بی جے پی کو فروخت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہب کا استحصال کررہی ہے اور نفرت کے ماحول کو فروغ دے رہی ہے۔ باوجود اس کے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ بی جے پی کے امیدوار راج گوپال ریڈی کو تیسرا مقام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے امیدوار ووٹ مانگنے کے اخلاقی حق سے محروم ہوگئے ہیں کیونکہ منوگوڑ کے عوام نے انہیں ووٹ دے کر 2018ء کے انتخابات میں کامیاب بنایا تھا مگر انہوں نے کنٹراکٹ کے لالچ میں اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے عوام کے بھروسے کو ٹھیس پہنچایا ہے جس پر عوام نے انہیں سبق سکھانے اور حلقہ کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے حلقہ اسمبلی منوگوڑ کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا ہے اور نہ ہی کبھی حلقہ کے عوام کو دستیاب رہے ہیں۔ ان کی سیاست کاروبار کے آس پاس گھومتی ہے۔ وہ عوامی خدمات کیلئے نہیں بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سیاست میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ دیا گیا تو بی جے پی زرعی شعبہ کو تقسیم ہونے والے مفت برقی سربراہی کو برقی میٹرس لگانے کا حکومت کا دباؤ بنائے گی۔ن