میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کا قائدین کے ساتھ زوم اجلاس، 24 اگست سے پد یاترا کی کامیابی کی مساعی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج ضلع کانگریس صدور اور پارٹی کے انچارج نائب صدور و جنرل سکریٹری کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، لکشمن کمار اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس نے جنہیتا پد یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے قائدین کو متحرک ہونے کی اپیل کی۔ مہیش کمار گوڑ اور میناکشی نٹراجن کی پد یاترا کے دوسرے مرحلہ کا 24 اگست سے آغاز ہوگا۔ دیہاتوں سے ضلع کی سطح تک پارٹی کمیٹیوں کی جلد تشکیل کی ہدایت دی گئی تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ مستحکم ہو۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ ہر ضلع میں موجود کانگریس پارٹی کے اثاثہ جات کی تفصیلات روانہ کی جائیں۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بارش کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد کریں۔ منڈل سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل جاریہ ماہ کے اختتام تک مکمل کرنے اور گرام پنچایت سطح کی کمیٹیاں 15 ستمبر تک تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی۔ 14 اگست سے جنہیتا پد یاترا کے دوسرے مرحلہ میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں کو عوام تک پہنچانے میں پد یاترا اہم رول ادا کرے گی۔ راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ چوری کے خلاف جو مہم شروع کی ہے ، اسے گاؤں گاؤں میں پھیلایا جائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پد یاترا کے ذریعہ ریاست کے تمام اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا اور حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کراتے ہوئے موثر عمل آوری کی مساعی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے محض 20 ماہ کے عرصہ میں جو فلاحی کام انجام دیئے ہیں، ان کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین میں اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کی اسکیمات کو موثر انداز میں عوام تک پہنچاتے ہوئے مجالس مقامی کے چناؤ میں بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔1