منگنی کے لیے آئے دلہن بیاہ کرلے گئے؛ قابل ستائش و تقلید آسان و مسنون نکاح

,

   

کھام گاؤں :مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی آسان و مسنون نکاح تحریک کے نتائج دیکھائی دینے شروع ہوگئے ۔ اسکی ایک مثال آج 13 جون کو کھام گاؤں شہر میں دیکھنے میں آئی۔ ملی جانکاری کے مطابق کھام گاؤں ٹیچر کالونی کے ساکن محمد ناصر (کرانہ مرچنٹ) کی دختر کا رشتہ ملکاپور پارپیٹھ کے ساکن اسلم خان غوث خان کے فرزند شعیب خان (بی فارم) کے ساتھ طے پایا تھا۔ آج 13 جون کو اسلم خان اپنے فرزند شعیب خان کی منگنی و شادی کی تاریخ طے کرنے کے لئے اپنے خاندان کے چند افراد کے ساتھ کھام گاؤں محمد ناصر کے گھر آئے تھے۔ منگنی کے موقع پر دونوں خاندانوں کے افراد نے باہمی مشورہ سے منگنی کو نکاح میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ تین چار گھنٹوں میں مکمل تیاری کرکے بعد نماز عصر حافظ عاصم نے نکاح پڑھایا۔ دونوں خاندانوں کے بزرگ ، نوجوانوں ، اور خواتین نے خوشدلی کے ساتھ لیا گیا یہ فیصلہ قابل ستائش و قابل تقلید ہے۔ منگنی کے لئے آئے مہمانوں نے دلہن بیاہ کر لے گئے۔ دونوں خاندانوں کے افراد نے آسان و مسنون نکاح کرکے مسلم پرسنل لا بورڈ کی آسان و مسنون نکاح کی تحریک کو تقویت بخشی ہے۔ اس بابرکت نکاح میں دونوں خاندانوں کے افراد و قریبی دوست احباب موجود تھے۔ حاضرین نے دولہا و دلہن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشگوار ازدواجی زندگی کے لئے نیک خواہشات پیش کی۔

سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ