امپھال، 25 اپریل (یو این آئی) منی پور کے مختلف حصوں میں حالیہ قتل کے واقعات، خصوصاً 7 اپریل کو دو بچوں کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور وسیع تر احتجاجی مظاہرے کیے ۔ مظاہرین کی ریلیاں ریاست کے مختلف مقامات سے شروع ہو کر چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ کی جانب بڑھے ۔ 7 اپریل کو تشدد میںتین افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ بعد میں کوکی شدت پسندوں نے مزید دو افراد کو قتل کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ کل اُکھرول ضلع میں جھڑپوں میں مزید تین افراد کی جان گئی۔ آج احتجاج کی قیادت ‘کوکومی’ نامی تنظیم نے کی، جس کا مقصد چیف منسٹر کے دفتر کو ایک یادداشت پیش کرنا تھا۔ کوکومی کے کنوینر وائی کے دھیرین نے کہا کہ قتل کے واقعات میں انصاف کیلئے چیف منسٹر کے سکریٹریٹ کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا ہے ۔ حکومت نے منی پور میں تحریک پر بات چیت کیلئے کوکومی کو مدعو کیا ہے ۔