موت کو ہمیشہ یاد کرنے کی تلقین ، خواتین کو پردہ کی تاکید

   

بیلم پلی میں جامعۃ المؤمنات کی خواتین کانفرنس کا تعارفی اجتماع ، مفتیہ رضوانہ زرین کا خطاب

بیلم پلی /24نومبر (ذریعہ میل)محمد سلیم کرانہ جنرل اسٹور ریلوے ر وڈگمبالا بستی متصل مادر کنونٹ اسکول بلم پلی میںمنعقدہ اجتماع بضمن جامعۃ المؤمنات کی دویومی کل ہند خواتین کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹرمفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے لئے زندگی اورموت دونوں کا سلسلہ قائم فرمایا ہے ۔ ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے ،حضور ﷺ نے فرمایا موت مؤمن کیلئے ایک تحفہ ہے اس کے باوجودحضرت عیسیٰ علیہ السلام جب موت کا ذکر سنتے توان کے جسم سے خون کے قطرے گرنے لگتے۔ حضرت داؤد علیہ السلام جب موت اور قیامت کا ذکر کرتے توان کی سانس اکھڑجاتی اور بدن پر لرزہ طاری ہوجاتا جب رحمت کا ذکر کرتے توان کی حالت سنبھل جاتی۔حضرت حسن رضی اللہ عنہ کا قول ہے میں نے جس عقلمند کو دیکھا اسکو موت سے لرزاں اورغمگین پایا۔ حضرت عمر بن عبد العزیزؒ نے ایک عالم سے کہا مجھے نصیحت کیجئے،انہوں نے کہا تم خلیفہ ہونے کے باوجود موت سے نہیں بچ سکتے تمہارے آباء واجداد میں حضرت آدم علیہ السلام سے لیکر آج تک ہر کسی نے موت کا جام پیا ہے اب تمہاری باری ہے ، حضرت عمربن عبد العزیزؒ نے یہ سناتو بہت دیر تک روتے رہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ موت کو یاد کریں ۔ڈاکٹرمفتیہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ عورت اسلام کی نگاہ میں ایک عظیم نعمت او ر قیمتی جوہر ہے  اسلام نے پردہ کو خاص اہمیت دی ہے اور بڑی سختی سے اسکو اپنانے کی تاکید کی ہے اس نے عورت کو حکم دیا ہے کہ پردہ کا خاص اہتمام کریں ، غیر محرموں کے سامنے اپنے حسن کا مظاہرہ نہ کریں، بلاضرورت بازاروں، ہوٹلوں ،شاہراؤں اور گذرگاہوں کی سیر نہ کریں۔ حضور ﷺنے ارشاد فرمایا عورت سرتا پا پردہ ہے جب وہ بے پردہ باہر نکلتی ہے تو شیطان اسکو تاکنے لگتا ہے۔ ڈاکٹرمفتیہ رضوانہ زرین نے تمام خواتین وطالبات کو نصیحت کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پرگامزن رہیں،اور جامعۃ المؤمنات کی دویومی کل ہند خواتین کانفرنس میں تشریف لاکر اپنے معلومات میں اضافہ کریں کریں۔جلسہ کا آغاز قرأت ونعت شریف سے ہوا۔ اس کے علاوہ اس جلسہ کو مفتیہ مسکان فردوس ، مفتیہ عائشہ صدیقہ نے مخاطب کیا ۔ محترم محمد سلیم پس پردہ جلسہ کے انتظامات کئے۔ دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میںلایا گیا۔

پولنگ مراکز کا تحصیلدار نے معائنہ کیا
یلاریڈی 24۔ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی تحصیلدار مہیندر کمار نے آج یلاریڈی مستقر کے پولنگ اسٹیشن نمبر 247-اور 251۔ کا دورہ کرتے معائنہ کیا ،جدید ووٹرس کے اندراج کی تنقیح کی ۔ہر اٹھارہ سال مکمل کرنے والے ہر لڑکے و لڑکیوں کو اپنا نام فہرست رائے دہندگان درج کروانے کی صلاح دی۔
جمہوری ملک میں حق رائے دہی عوام کا بیش بہا ہتھیار ہے ۔اس موقع پر ریونیو انسپکٹر سرینواس و دیگر موجود تھے۔