مودی حکومت پر انوپم کھیر کی پہلی بار تنقید

   

ممبئی : گزشتہ 7 سال سے ہر مسئلہ اور ہر موضوع پر مرکز کی مودی حکومت کے حق میں اظہار خیال کرنے والے بالی ووڈ ایکٹر انوپم کھیر نے آج کورونا بحران کے معاملہ میں مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ شملہ کی پیدائش والے انوپم کھیر نے کہاکہ عوام بڑے کٹھن دور سے گزر رہے ہیں اور اِن حالات میں حکام کو اپنے امیج کو سنوارنے کی فکر کے بجائے زیادہ اہم کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ملک کئی اعتبار سے پریشان ہے۔ وسائل کی کمی ہے جیسے آکسیجن، ویکسین، ادویات وغیرہ۔ حکومت کو چاہئے کہ عوام کی صحت اور اُن کی جان بچانے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات کرے، چاہے وہ ملک میں سسٹم کو سدھارتے ہوئے کئے جائیں یا فوری طور پر بیرون ملک سے امداد حاصل کی جائے۔ انوپم کھیر کی شریک حیات کرن کھیر بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔