مودی حکومت کے خلاف جدوجہد میں کمیونسٹ پارٹیوں کو شامل ہونے کا مشورہ

   

تلنگانہ میں SIR کے تحت ایک کروڑ ناموں کو حذف کرنے کی سازش، سی پی ایم کے پروگرام سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔7۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کمیونسٹ پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ نریندر مودی حکومت کے خلاف جدوجہد میں کانگریس پارٹی کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نریندر مودی ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہیں اور بی جے پی کو مرکز میں اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کانگریس پارٹی جدوجہد کر رہی ہے۔ ریونت ریڈی آج رویندرا بھارتی میں سی پی آئی قائد ایس ملا ریڈی کے تعزیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ سی پی ایم کے قومی قائد پرکاش کرت اور تلنگانہ کے قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک میں دوبارہ کامیابی کیلئے غیر جمہوری طریقے اختیار کر رہی ہے۔ SIR مہم کے نام پر ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے خارج کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتوں کو اپنے لئے خطرہ تصور کرتی ہے۔ تلنگانہ میں مغربی بنگال کی طرح SIR مہم کے ذریعہ بی جے پی کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ تلنگانہ سے ایک کروڑ سے زائد نام حذف کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہا ہے اور ایس آئی آر کے ذریعہ ووٹ چوری تک خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی جدوجہد کو کمیونسٹ پارٹیوں کی تائید ضروری ہے تاکہ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیتے ہوئے غریبوں کے رائے دہی کے حق کا تحفظ کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے غریبوں کی بھلائی کیلئے ریاستی حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ اقل ترین تنخواہوں کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے۔ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے خلاف جدوجہد میں تمام سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔1/k/m/b