مودی حکومت کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم کی ضرورت

   

بھٹی وکرمارکا کی آصف آباد اسمبلی حلقہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا
حیدرآباد۔27۔مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے متحدہ عادل آباد ضلع میں آج 12 ویں دن اپنی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کو جاری رکھا۔ آصف آباد اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں بھٹی وکرمارکا نے پد یاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کی اور مسائل کی سماعت کی ۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں حکومتیں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ملک میں مہنگائی کے خاتمہ اور ہر گھر کو روزگار فراہم کرنے کا نریندر مودی حکومت کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ بھٹی وکرمارکا نے ملک میں مذہب کے نام پر نفرت کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے نفرت کے خاتمہ کیلئے کنیا کماری سے کشمیر تک پد یاترا کی۔ راہول گاندھی کی عوامی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی ۔ سورت کی مقامی عدالت کے فیصلہ کی آڑ میں مودی حکومت نے راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا ہے ۔ مودی حکومت کا یہ فیصلہ جمہوری تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مودی حکومت کے آئندہ انتخابات میں مناسب سبق سکھائیں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف کارروائی پر اپوزیشن متحد ہوچکا ہے اور ملک گیر سطح پر مخالف مودی مہم شروع کی جائے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور ہر طبقہ کی یکساں ترقی اور بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ورنگل ڈکلیریشن کے مطابق کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کی معافی اور آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے روزگار کے معاملہ میں بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے نتیجہ میں 30 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ر