نئی دہلی، 03 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ دس جون کو آزاد ہندوستان کے مسلسل سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیر اعظم رہنے کا ریکارڈ بنائیں گے ۔ اب تک یہ ریکارڈ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام تھا۔مودی نے 26 مئی 2014 کو پہلی بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ملک کے منتخب وزیر اعظم کے طور پر لگاتار کام کر رہے ہیں۔ آئندہ دس جون کو وزیر اعظم کے طور پر ان کی مدتِ کار کے 4399 دن مکمل ہو جائیں گے ۔ یہ پنڈت نہرو کے منتخب وزیر اعظم کے طور پر 4398 دن کے دورِ اقتدار سے زیادہ ہے ۔ پنڈت نہرو 13 مئی 1952 سے 27 مئی 1964 تک وزیر اعظم رہے تھے ۔ ویسے پنڈت نہرو آزادی کے بعد 15 اگست 1947 کو ہندوستان کے وزیر اعظم بنے تھے لیکن تب وہ منتخب نہیں بلکہ عبوری حکومت میں وزیر اعظم تھے ۔اس سے پہلے مودی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے 4077 دن کے دورِ اقتدار سے آگے نکل گئے تھے ۔ اندراگاندھی 24 جنوری 1966 سے 24 مارچ 1977 تک لگاتار وزیر اعظم رہی تھیں۔ اگرچہ وہ بعد میں 1980 میں بھی وزیر اعظم چنی گئی تھیں۔مودی وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے طور پر بھی 9000 سے زیادہ دنوں تک کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے لگاتار تیسری بار وزیر اعظم کے طور پر 9 جون 2024 کو حلف لیا تھا۔