مودی کو ٹرمپ کیساتھ اپنی بات چیت پر میٹنگ بلانی چاہئے :کانگریس

   

نئی دہلی، 18 جون (یواین آئی) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان فون پر بات چیت کے لیے وزیر اعظم کی صدارت میں آل پارٹی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔پارٹی نے پہلگام حملے اور اس کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور تجاویز کے لئے کارگل جنگ کے وقت کی طرح ایک ماہر کمیٹی تشکیل دینے اور اس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے آج پارٹی کی جانب سے اس مطالبہ کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کو تین ممالک کے دورے سے واپس آنے کے بعد فوری طور پر آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کرنی چاہیے ، تاکہ اپوزیشن لیڈروں کو اس بات سے آگاہ کیا جا سکے کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں کیا کہا۔ کانگریس چاہتی ہے کہ حکومت اس معاملے پر ملک کو اعتماد میں لے ۔کانگریس نے ان خبروں کو بھی ‘بڑا جھٹکا’ قرار دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیرمسٹر ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن میں آج دوپہر کے کھانے پر مدعو کئے گئے ہیں۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران امریکی صدر کو اس پر ہندوستان کی ناراضگی سے آگاہ کرنا چاہئے تھا۔پارٹی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران 10 مئی کو جنگ بندی کے بعد سے لے کر اب تک ٹرمپ نے 14 بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی میں ثالثی کی، انہوں نے تجارت کو ایک آلے کے طور پر استعمال کیا لیکن وزیر اعظم اب تک خاموش ہیں۔