نئی دہلی ۔ 16 مئی (ایجنسیز) ملک کی اکثریت وزیر اعظم مودی کی اس تجویز پر پریشان ہے کہ وہ موجودہ بحرانی حالات میں ایندھن کا استعمال مزید کم کر دیں، حالانکہ اپنے چھوٹے کاروبار کرنے والے کروڑوں شہرے پہلے ہی شدید مسائل کا شکار ہیں۔ ایران جنگ کے باعث توانائی کی قیمتیں پوری دنیا میں بہت زیادہ ہو چکی ہیں۔ ہندوستان میں بھی صورت حال ایسی ہی ہے، جہاں تیل اور گیس کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ اور ترسیل میں کمی کے باعث عام لوگوں کی اکثریت کو یا تو تیل اور گیس مشکل سے دستیاب ہیں یا پھر انتہائی مہنگے ہو چکے ہیں۔ ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ملکی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ توانائی کی بچت کے لیے ایندھن کا استعمال کم کر دیں۔ لیکن عام گھروں میں صارفین اور اپنے چھوٹے کاروبار کرنے والے شہریوں کے لیے سربراہ حکومت کا یہ مشورہ اس لیے ناقابل فہم ہے کہ وہ تو پہلے ہی اپنی برداشت کی حدوں کو پہنچ چکے ہیں اور لاکھوں غریب گھرانوں میں کھانا پکانے کے لیے لکڑی اور گوبر کے اپلوں جیسے ذرائع پر انحصار کیا جا رہا ہے۔
مودی کی سکم کے یومِ تاسیس پر مبارکباد
نئی دہلی۔ 16 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے روز سکم کے یومِ تاسیس کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہندوستان کی ترقی میں اس ہمالیائی ریاست کے کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مستقبل کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ ریاست کے یومِ تاسیس پر تمام بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد۔ ہندوستان کی ترقی میں سکّم کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تعریف ہے ۔ میں ریاست کے عوام کی صحت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ وزیر اعظم کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سکّم اپنی ریاستی حیثیت کے 50 سال مکمل ہونے کی گولڈن جوبلی منا رہا ہے ۔ اس موقع پر ریاست بھر میں سرکاری تقریبات، ثقافتی پروگرام اور عوامی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں اس کی تاریخ، روایات اور ترقی کے سفر کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ سکّم، جو ہندوستان کی دوسری سب سے چھوٹی ریاست ہے ، 16 مئی 1975 کو ایک تاریخی ریفرنڈم کے بعد باضابطہ طور پر مرکز کے زیر انتظام ہندوستان کی 22ویں ریاست بنی تھی جس کے ساتھ ہی بادشاہت کا خاتمہ ہوا اور یہ ہمالیائی خطہ ہندوستان میں شامل ہو گیا۔