مودی، آزاد ہند کے سب سے زیادہ ترقی پسند اور سیکولر وزیراعظم!

   

ملبورن : وزیراعظم ہند نریندر مودی کے بارے میں ہندوستانی مسلمان دلت اور سکھ کیا سوچتے ہیں ان کے تعلق سے اپوزیشن کے کیا تاثرات ہیں وہ سب جانتے ہیں اور حالیہ عرصہ کے دوران چیف منسٹر اروند کجریوال کا یہ کہنا کہ ہندوستان کو ایک تعلیم یافتہ وزیراعظم کی ضرورت ہے، انہوں نے کس تناظر میں یہ بات کی اس بارے میں بھی سب جانتے ہیں۔ حال ہی میں ملبورن ، آسٹریلیا کے بونجل پیالیس میں وشوا سدبھاونا پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں نامدھاری سکھوں، قادیانیوں، بوہروں، مختلف ہند تنظیموں کے نمائندوں نے مودی کی تعریف و ستائش میں زمین و آسمان کے قلابے ملا دیئے۔ NID فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ ستنام سنگھ سندھو نے اپنے خطاب میں مودی کی غیرمعمولی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مودی آزاد ہندوستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ ترقی پسند اور سیکولر وزیراعظم ہیں۔ اس موقع پر ستنام سنگھ سندھو نے Hentfelt Legacy To The Faith نامی ایک انگریزی کتاب بھی پیش کی جس میں سکھوں کے مودی کی جانب سے کئے گئے کاموں اور اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ 9 سال کے دوران مودی کی قیادت میں ہندوستان بڑی تیزی کے ساتھ ترقی کی سمت گامزن ہوا اور دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ دنیا کے کئی دوسرے ممالک کی طرح ہندوستان میں تمام طبقات کو پوری پوری آزادی حاصل ہے اور یہاں بلالحاظ مذہب و ملت، ذات پات رنگ و نسل تمام لوگ وزیراعظم مودی کی قیادت میں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ ملک میں گذشتہ 9 برسوں کے دوران جو ترقیاتی کام ہوئے ان میں اور 65 برس قبل کئے گئے کاموں میں زمین و آسمان کا فرق پایا جاتا ہے۔ اس کانفرنس سے نامدھاری کمیونٹی کے روحانی رہنما ست گرو اودے سنگھ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب ہر کسی کو جوڑتا ہے اور مذہب کا مطلب امن پیار ہوتا ہے۔ ہمیں مذہبی ہم آہنگی اور عالمی امن پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ سفیر من پریت وہرہ ہندوستانی ہائی کمشنر متعینہ آسٹریلیا نے کہا کہ مودی نے عالمی سطح پر ہندوستان کی شبیہ بہتر بنائی نتیجہ میں عالمی پلیٹ فارمس پر ہندوستان کی آواز سنی جارہی ہے۔ G20 کا جو لوگو ہندوستان نے بنایا وہ بھی ایک عالم، ایک خاندان ایک مستقبل کے تصور پر بنایا گیا۔ واضح رہیکہ سدبھاونا ایونٹ کا انڈین مائناریٹیز فاؤنڈیشن (IMF) این ڈآئی ڈی فاؤنڈیشن نئی دہلی اور نامدھاری سکھ سوسائٹی ملبورن آسٹریلیا نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ قادیانی کمیونٹی اور بوہرہ کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی وزیراعظم مودی کی جی کھول کر تعریف کی۔ کانفرنس سے عیسائی مذہبی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔