موسلا دھار بارش، گاندھی بھون کی بیرونی دیوار منہدم

   

شہر میں 24 مقامات پر پانی جمع، متعدد کالونیوں کے مکین بالائی منزلوں میں منتقل

حیدرآباد۔یکم ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مسلسل بارش کے نتیجہ میں 24 مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ ان تمام علاقوں سے دوپہر کے بعد بارش کا سلسلہ کم ہونے کے ساتھ ساتھ پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں 115درختوں کے گرنے کے سبب 100 سے زیادہ محلہ جات میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی جنہیں حکام نے فوری طور پر بحال کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے حل کرلیا۔ شہر میں کانگریس پارٹی کے مرکزی دفتر گاندھی بھون کی بیرونی دیوار موسلادھار بارش کے نتیجہ میں زوردار آواز کے ساتھ منہدم ہوگئی ۔ جس کے نتیجہ میں بعض گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور اس دیوار پر لگائے گئے ہورڈنگس اور پلے کارڈس گر پڑے۔ شیخ پیٹ ‘ ٹولی چوکی ‘ ندیم کالونی کے علاوہ دیگر علاقوں میں مساجد کے ذریعہ اعلان کرتے ہوئے مکینوں کو اوپری منزلوں پر منتقل ہوجانے کی ہدایات دی گئی اور کئی مقامات پر مکین نے متبادل محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے تھے ۔ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی کے علاوہ ’حیدرا‘ کی مستعدی اور چوکسی کے نتیجہ میں دونوں شہروں کے کئی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے کے باوجود بھی کوئی حادثہ پیش نہیں آیا اور منتخبہ عوامی نمائندے اپنے علاقوں میں دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل سے آگہی حاصل کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ پرانے شہر کے علاقوں کالا پتھر‘ تاڑبن‘ تالاب کٹہ ‘ نشیمن نگر‘ مولیٰ کا چھلہ ‘ امان نگر ‘ حافظ بابا نگر‘ بندلہ گوڑہ ‘ غوث نگر ‘ ایرا کنٹہ ‘ کے علاوہ دیگر مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جبکہ ملک پیٹ میں واقع محبوب گنج بھی تالاب کا منظر پیش کر رہا تھا اور محبوب گنج سے خارج ہونے والے برسات کے پانی کے سبب ملک پیٹ ‘ موسیٰ رام باغ ‘ واحد نگر کالونی کے علاقوں میں پانی کا تیز بہاؤ دیکھا گیا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ امرا پالی ‘ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ ‘ کے علاوہ مختلف زونس کے اڈیشنل کمشنران بلدیہ کے علاوہ اعلیٰ پولیس عہدیدار بھی بھاری جمیعت کے ساتھ اپنے علاقوں میں موجود نشیبی رہائشی محلہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے ۔ بلکا پور نالہ اور فرنگی نالہ کے علاوہ دیگر برساتی نالوں کے بہاؤ کے سلسلہ میں بھی عہدیداروں نے خصوصی نظریں مرکوز کرتے ہوئے نالوں پر موجود مکینوں کو منتقل ہونے کی ہدایت دی۔ دونوں شہرو ںمیں بارشوں کے دوران صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور بارش رکنے کے ساتھ ہی وائرل امراض کو پھیلنے سے بچانے کے لئے ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت کے عملہ نے شہر کے بیشتر علاقوں میں پہنچ کر عوام کو وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے کے خدشات سے واقف کرواتے ہوئے ان میں شعور اجاگر کرنے کی مہم چلائی ۔ شہر حیدرآباد میں مجموعی اعتبار سے گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 16سینٹی میٹر بارش کی اطلاعات ہیں جبکہ شہر کے نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں حسین ساگر کی سطح آب میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے حسین ساگر کی سطح آب میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا اور نشیبی علاقوں سے مکینوں کو منتقل کرتے ہوئے پانی چھوڑنے کے اقدامات کئے گئے۔3