گلبرگہ میں ضلع انچارج وزیر پریانک کھرگے کا عہدیداران سے خطاب
گلبرگہ ۔11 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع انچارج وزیر گلبرگہ مسٹر پریانک کھرگے نے جمعہ کے دن گلبرگہ میں ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کے آئندہ دو ماہ کے دوران پینے کے پانی کی سربراہی کو اطمینان بخش بنائے رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوںمیںپمپ سیٹ آپریٹرس کی کمی کے سبب پانی کی عدم سربراہی کی شکایات مل رہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ تعلقہ پنچایت ایکزیکٹیو عہدیداران کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر مطلوبہ اسٹاف کے تقررات کے لئے تجاویز روانہ کریں۔ اس موقع پر عہدہ داران نے کہا کہ 236دیہاتوں میں پینے کے پانی کی قلت رہے گی ۔اسی دوران ارکان اسمبلی بی آر پاٹل اور ایم وائی پاٹل نے الند اورافضل پور کے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھایا۔ وزیرمسٹر پریانک کھرگے نے برقی سربراہی کمپنی جیسکام کے عہدیداران کوہدایت دی کہ وہ پانی سربراہ کرنے والے پمپ سیٹس کے لئے برقی سربراہی میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ نئے بورویلس کے لئے بھی فوری طورپربرقی سربراہ کریں ۔اس موقع پر بتایاگیاکہ پنچایتوںمیں پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے علیحدہ گرانٹس نہیں ہیں ۔رکن اسمبلی بی آر پاٹل نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پر زور دیا کہ وہ غیر یقینی صورت حال کے فنڈس کے تحت فنڈس جاری کریں۔اجلاس میںڈپٹی کمشنرگلبرگہ فوزیہ ترنم ، ارکان اسمبلی الم پربھو پاٹل ، اویناش جادھو، کنیز فاطمہ ، ایم ایل سی تپنا کمکنور،سٹی پولیس کمشنر شرنپا ایس ڈی اورسپرنٹنڈنٹ آف پولیس اڈی سرینواس بھی شریک تھے ۔