حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : موسمی امراض میں ہورہے اضافہ سے اسکول انتظامیہ بالخصوص گورنمنٹ اسکولس میں خوف پیدا ہورہا ہے کیوں کہ زیادہ تر بچے سردی ، کھانسی اور ناک بہنے سے متاثر ہورہے ہیں اور اسی حالت میں اسکول آرہے ہیں ۔ ٹیچرس تذبذب میں مبتلا ہیں کہ آیا اس طرح کے بچوں کو کلاس روم میں داخلہ کی اجازت دی جائے یا نہیں ۔ کوویڈ سے متعلق اصول و قواعد پر عمل کرنا ، بالخصوص سماجی فاصلہ کی برقراری اسکول مینجمنٹ کے لیے موجودہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ایک درد سر بن گیا ہے ۔ رہنمایانہ خطوط میں محکمہ تعلیمات نے اسکولس کو ہدایت دی کہ اگر بچوں میں سردی ، کھانسی یا ناک بہنے جیسی علامات پائی جائیں تو انہیں واپس گھر بھیج دیا جائے ۔ ہیلت ڈائرکٹر کے ایک بیان کے بعد اولیائے طلباء ان تمام علامتوں کو موسمی امراض سمجھ رہے ہیں نہ کہ کوویڈ اور کسی خوف کے بغیر بچوں کو اسکول بھیج رہے ہیں ۔ بچے بالخصوص پرائمری سیکشن کے بچے کوویڈ سے متعلق اصول و قواعد پر عمل نہیں کررہے ہیں ۔ وہ ماسک نہیں لگا رہے ہیں ۔ لنچ کے وقفہ کے دوران کلاس روم سے باہر سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نہیں نظر آرہے ہیں ۔ اسکول انتظامیہ انہیں ماسکس فراہم کررہا ہے ۔ لیکن یہ روزانہ فراہم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ چونکہ پرائمری اسکولس میں عموماً جگہ کم ہوتی ہے اس لیے کلاس رومس میں سماجی فاصلہ کی برقراری مشکل ہوگئی ہے ۔ حفیظ پیٹ پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے کہا کہ گورنمنٹ اسکولس کے کلاس رومس میں کوویڈ قواعد پر عمل کرنے کے لیے خاطر خواہ جگہ نہیں ہے ۔ تمام بچے 10 سال سے کم عمر کے ہیں اور انہیں مینج کرنا مشکل ہوتا ہے چونکہ اس مرتبہ حکومت نے اسکولس کو ماسکس فراہم نہیں کئے ہیں اس لیے ہم بچوں کو ماسکس دے رہے ہیں ۔ حیدر نگر پرائمری اسکول کی ہیڈ ماسٹریس کے مطابق انہیں ماسکس اور سنیٹائزرس ہنوز فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔ پہلی لہر کے بعد طلبہ کیلئے محکمہ نے ماسکس کا انتظام کیا تھا ۔ تمام گورنمنٹ اسکولس میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مانسون کے دوران ایک دن کے وقفہ سے طلبہ کو کلاسیس میں شرکت کرنے کیلئے کہنا بہتر ہوگا کیوں کہ موسمی امراض میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ پرائمری طلبہ کے زیادہ تر والدین یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہیں ۔ بچوں کو تنہا گھر پر چھوڑنے کے بجائے وہ انہیں خواہ انہیں سردی ، کھانسی اور بخار بھی ہو تو اسکول کو بھیج رہے ہیں اور اسکول انتظامیہ ان طلبہ کو اوقات اسکول کے دوران تنہا گھر واپس نہیں کرسکتا ہے کیوں کہ اس میں جو کھم ہوتا ہے ۔ ‘ مختلف گورنمنٹ اسکولس کے ٹیچرس کے مطابق اسکول ایک دن کے وقفہ سے 50 فیصد طلبہ کے ساتھ چلائے جاسکتے ہیں کیوں کہ طلبہ کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔۔