موسیٰ رام باغ اور چادرگھاٹ پر موسیٰ ندی پر نئے برجس کی تعمیر، عنقریب کام کا آغاز : سرینواس یادو

   

حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی اور ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے موسیٰ رام باغ اور چادرگھاٹ پر موسیٰ ندی پر دو نئے برجس تعمیر کئے جائیں گے اور ان کے کام دس دن میں شروع ہوں گے۔ وزیرانیمل ہسبینڈی ٹی سرینواس یادو نے یہ بات کہی۔ سرینواس یادو نے وزیرداخلہ محمد محمود علی جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار اور واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈی داناکشور کے ہمراہ جمعہ کو موسیٰ رام باغ برج کا معائنہ کیا جسے گذشتہ ایک ہفتہ سے موسیٰ ندی میں پانی کے زیادہ بہاؤ سے نقصان پہنچا ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ نئے منظور برج کی تعمیر کا کام 10 دن میں شروع ہوگا۔ شدید بارش کی وجہ اور موسیٰ ندی میں غیرمتوقع سیلاب کے باعث موسیٰ رام باغ برج، پٹیل نگر، گول ناکہ اور اطراف کے علاقے زیرآب ہوگئے تھے۔ اس کی وجہ اس برج پر ٹریفک کو روکنا پڑا۔ اس مسئلہ کے ایک مستقل حل کیلئے وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راماراؤ نے موسیٰ رام باغ برج کی تعمیر کیلئے 52 کروڑ روپئے اور چادرگھاٹ برج کیلئے 42 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان برجس کی تعمیر کا کام تقریباً 10 دن میں شروع ہوگا اور 9 مہینوں میں مکمل ہوگا۔