موسیٰ ندی کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے جنوبی کوریا کے اداروں سے بات چیت

,

   

ہنڈائی موٹر کے عہدیداروں سے چیف منسٹر کی ملاقات‘تلنگانہ میں کار ٹسٹنگ یونٹ کے قیام پر غور

حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں موسیٰ ندی کی ترقی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جنوبی کوریا کے اداروں سے اشتراک کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر نے ساؤتھ کوریا میں چیونگی چیان ادارہ کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس بارے میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ موسیٰ ندی کے احیاء اور اس کی ترقی کے ذریعہ عالمی سطح کے واٹرفرنٹ کے طور پر ترقی دینے کیلئے میری ٹیم نے چیونگی چیان کے نمائندوں سے سیؤل میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔ بات چیت کے دوران کئی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت گذشتہ چند ماہ سے موسیٰ ندی کو عالمی سطح کے سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کی مساعی کررہی ہے۔ اپنے پہلے بیرونی دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے لندن میں موسیٰ ندی کو تھیمس ندی کے طور پر ترقی دینے کے منصوبہ کا جائزہ لیا تھا۔ موسیٰ ندی کا تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے مقصد سے ترقیاتی منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ موسیٰ ندی پرانے اور نئے شہر کو آپس میں تقسیم کرتی ہے اور حکومت نے 1500 کروڑ کا ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت موسیٰ ندی کے دونوں جانب کے علاقوں کو ترقی دی جائے گی۔ موسیٰ ندی کے کنارے کئی تاریخی عمارتیں موجود ہیں جن میں تلنگانہ ہائی کورٹ، سٹی کالج، مہاتما گاندھی بس اسٹیشن، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، سالار جنگ میوزیم اور اسٹیٹ سنٹرل لائبریری شامل ہیں۔تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئی ٹی اور صنعت کے وزیر سریدھر بابو کے ہمراہ پیر کو جنوبی کوریا کے سیول میں ہنڈائی موٹر کے عہدیداروں سے ملاقات کی تاکہ ریاست کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے ہنڈائی کے عہدیداروں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع فراہم کرنے کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ہنڈائی نے تلنگانہ میں کار ٹسٹنگ یونٹ کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سیول میں کل ہوئی اس ملاقات میں ہنڈائی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ان کی ذیلی کمپنی ہنڈائی موٹر انڈیا انجنیئرنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ذریعہ تلنگانہ میں کار ٹسٹنگ یونٹ کے قیام میں سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے ۔ 1

1