مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے یوجی کورسیس میں داخلوں کا آغاز

   

حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ کورسیس میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ نظامت داخلہ مولانا آزاد یونیورسٹی نے خواہشمند طلبہ سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ پروفیسر ایم ونجا ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے مطابق 12 تا 20 اگست کے دوران انٹرمیڈیٹ کامیاب طلبہ جنھوں نے CUET میں درخواست نہیں دی تھی وہ راست یونیورسٹی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ پروفیسر ونجا نے بتایا کہ جن کورسیس میں داخلے دیئے جائیں گے اُن میں پہلی ترجیح مانو کو منتخب کرکے CUET میں کامیابی حاصل کرنے والے درخواستگذاروں کو دی جائے گی۔ طلبہ جن کورسیس میں داخلے کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اُن میں بی اے آنرس / ریسرچ کورس حیدرآباد، لکھنؤ، واراناسی، بھوپال اور دربھنگا کیمپس میں دستیاب ہیں۔ جبکہ بی اے جے ایم سی آنر / ریسرچ، بی کام آنرس، بی ایس سی آنرس کورسیس حیدرآباد میں دستیاب ہیں۔ طلبہ سے خواہش کی گئی ہے کہ درخواست داخل کرتے وقت موبائیل نمبر اور ای میل درج کریں۔ مزید تفصیلات کیلئے ویب سائٹ یا فون نمبر 040-23120600 پر ربط کریں۔