مولانا آزاد یونیورسٹی نے ہاسٹل سے 16 طلباء کو خارج کردیا

   

حیدرآباد 19 اگسٹ ( سیاست نیوز ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے 16 طلبا کو ہاسٹل سے خارج کردیا ہے ۔ یہ اخراج ان کے کورس ورک کی تکمیل تک کیلئے ہے ۔ اس کے علاوہ ان پر چار ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بوائز ہاسٹل میس کے اخراجات کے خلاف 6 اور 7 جون کو احتجاجی مظاہرہ کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ میس کے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ احتجاج کیا گیا تھا ۔ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ طلبا نے زبردست ی باب الداخلہ کو بند کردیا تھا اور اسٹاف اور دوسرے طلبا کا داخلہ روک دیا تھا ۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے سمینار میں شرکت کیلئے آنے والے مندوبین اور یہاں کے رہائشی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کہا گیا کہ حقائق کا پتہ چلانے والی کمیٹی کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔