حیدرآباد 19 اکٹوبر ( سیاست نیوز) محبوب العلماء مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمیعۃ علمائے ہند تلنگانہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ انا للہ وان الیہ راجعون ۔ مولانا حافظ پیر شبیر احمد کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔ آج صبح اپنی قیامگاہ واقع شاہین نگر میں آخری سانس لی ۔ صدر جمیعۃ علمائے ہند اپنی منکسرالمزاجی اور صحبت علماء و اکابرین و عشق نبی ﷺ کی وجہ سے علماء میں محبوب العلماء کے لقب سے مشہور تھے اور ان کی مذہبی ‘ سیاسی اور سماجی خدمات سے بلا تفریق مذہب و ملت ہر کوئی مستفید ہوتا رہا ہے۔ انہو ںنے اپنی 79 سالہ عمر کا بڑا حصہ مذہبی و سماجی کاموں میں گذارا ۔ حافظ پیر شبیر احمدحضرت فدائے ملت امیر الہند مولانا سید اسعد مدنی ؒکے جانثار و معتقدین خاص میں تھے ۔ انہوں نے حضرت فدائے ملت ؒ کے دورمیں جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے صدر جمیعۃ علمائے ہند متحدہ آندھراپردیش کی حیثیت سے 2024 تک خدمات انجام دیں اور معتمد عمومی جمیعۃ علمائے ہند مولانا محمود اسعد مدنی سے ان کا گہرا تعلق خاطر رہا۔ حضرت محبوب العلماء کے سانحہ ٔ ارتحال کی اطلاع پر ان کے مکان واقع شاہین نگر پر علماء اکرام ‘ سیاسی قائدین ‘ سماجی کارکنوں ‘ مصلحین ملت‘ صحافیوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور فرزندان سے ملاقات کرکے پرسہ دیا ۔ انتقال کی اطلاع پر مکان پہنچ کرپرسہ دینے والوں میں بیرسٹراسدالدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد‘ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل ‘ مسٹر بی مہیش کمار گوڑ صدر پردیش کانگریس ‘ جناب محمد علی شبیر مشیر حکومت ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی طبقات‘ مولانا عبدالقوی مظاہری ‘ مولانا محمد بانعیم مولانا مصدق القاسمی ‘ مولانا عبدالستار ورنگل ‘مفتی محمد عظیم الدین انصاری ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم و کئی سرکردہ علماء شامل ہیں۔ نماز جنازہ مسجد کنزالعلوم شاہین نگر میں ادا کی گئی اور تدفین قبرستان مشیر آباد میں عمل میں آئی ۔ نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کرنے والوں میں صدر مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ‘ مولانا سید شاہ جمال الرحمن قادری ‘ مولانا عبید الرحمن اطہر ‘ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ‘ جناب محمد اظہر الدین امیر جماعت اسلامی تلنگانہ ‘ جناب حامد محمد خان ‘ مولانا احسن بن محمد الحمومی ‘ جناب مشتاق ملک ‘ مولانا شیخ محمد شبیر فیضی ‘ جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ‘ جناب مسیح اللہ خان ‘ جناب فہیم قریشی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ نماز جنازہ مرحوم کے پوترے مولانا پیر عبدالوہاب قاسمی نے پڑھائی ۔ جنرل سکریٹری جمیعۃ العلماء تلنگانہ مولانا پیر خلیق احمد صابر ‘ جناب پیر ارشاد احمد ناصر ‘ جناب جابر کے علاوہ دیگر فرزندان کو پرسہ دیا ۔3
تلنگانہ واے پی کے عوام کا ناقابل تلافی نقصان : زاہد علی خاں
حیدرآباد19اکٹوبر(سیاست نیوز)حافظ پیر شبیر احمد کا سانحہ ارتحال تلنگانہ و آندھرا پردیش عوام کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے مولانا کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حافظ شبیر احمد نے بحیثیت سے صدر جمیعۃ علمائے ہند جو خدمات انجام دی ہیں ان کی کوئی مثال نہیں دی جاسکتی کیونکہ حافظ پیر شبیر احمد نے اتحاد امت کے ساتھ دیگر ابنائے وطن کے ہمراہ تعلقات کو استوار کرنے ‘ پسماندہ و پچھڑے طبقات سے مسلمانوں کے حقوق کی جدوجہد کو فروغ دے کر جو اتحاد تشکیل دیا تھا اس سے متحدہ آندھرا میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے ساتھ مسلمانوں کے مسائل کو حل کیا جاسکاتھا۔ جناب زاہد علی خان نے مولانا حافظ پیر شبیر احمد کی مسلم تحفظات کیلئے کاوشوں اور ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کو تحفظات کیلئے آمادہ کرنے میں رول کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حافظ پیر شبیر احمد نے حکومت سے اپنی قربت اور چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی سے رفاقت کو ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ امت کے مفادات کیلئے استعمال کیا۔ ایڈیٹر سیاست نے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اللہ حافظ پیر شبیر احمد کا بہتر نعم البدل عطا کرے اور انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔3