حیدرآباد۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) جوائنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک ڈی جوئل ڈیوس نے بتایا کہ بروز پیر ٹریفک پولیس کی جانب سے شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں رانگ سائیڈ ڈرائونگ پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں آٹھ، 2024 میں تین اور جاریہ سال میں ایک شخص کی رانگ سائیڈ ڈرائونگ سے موت واقع ہوئی ہے۔ سڑک حادثات کو کم کرنے کے لئے عوام کو چاہئے کہ وہ ٹریفک کے قوانین پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو کم کرنے اور موٹر وہیکل ایکٹ کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پیر کو ہونے والے خصوصی مہم میں رانگ سائیڈ ڈرائیونگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور ساتھ ہی ہیلمٹ کو پہنکر گاڑی چلانے پر بھی زور دیا جائے گا۔ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ بھی قانون کے مطابق ہونی چاہئے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ش