مٹ پلی اقامتی اسکول میں طالب علم کی موت پر کانگریس ارکان مقننہ کا اظہار تشویش

   

اسکول کا دورہ اور پسماندگان سے ملاقات
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) کانگریس ارکان مقننہ جیون ریڈی اور اے لکشمن نے مٹ پلی منڈل کے اقامتی اسکول میں طلبہ کی موت پر تشویش کا اظہار کیا۔ رکن کونسل جیون ریڈی اور دھرماپوری کے رکن اسمبلی اے لکشمن نے بتایا کہ آج صبح 2 طلبہ نے پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی اور بعد میں اُن میں سے ایک کی موت واقع ہوگئی۔ جیون ریڈی اور لکشمن نے اطلاع ملتے ہی اسکول پہونچ کر معلومات حاصل کیں۔ اُنھوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہرممکنہ مدد کا تیقن دیا۔ پداپور اقامتی اسکول کے طلبہ انیرودھ اور مکشت کی طبیعت بگڑ جانے پر اُنھیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ انیرودھ کا تعلق راجنا سرسلہ ضلع سے ہے اور علاج کے دوران اُس کی موت واقع ہوگئی۔ اُنھوں نے اِس واقعہ کی تحقیقات کا تیقن دیا اور اس سلسلہ میں ضلع عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔ جیون ریڈی نے کہاکہ گزشتہ بی آر ایس نے اقامتی اسکولوں میں معیاری غذا اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو نظرانداز کردیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ کورٹلہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے نے اسمبلی میں اقامتی اسکولوں کے مسائل پیش نہیں کئے۔ ارکان مقننہ نے کہاکہ اقامتی اسکول میں گزشتہ ماہ بھی طلبہ کی صحت بگڑنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ 1