مکہ معظمہ ،18 مئی (ایجنسیز) سعودی عرب کے مکہ روٹ انیشی ایٹو نے افریقی ممالک سے آنے والے ہزاروں عازمین حج کے سفر کو آسان بنا دیا ہے، جبکہ دنیا بھر کے مسلمان 25 مئی کو شروع ہونے والے سالانہ فریضہ حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق سب سے جذباتی منظر مراکش کے دارالحکومت رباط کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر دیکھنے میں آیا، جہاں 100 سالہ معمر حاجی لاٹھی کے سہارے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے سعودی عرب روانہ ہوئے۔ بزرگ حاجی جہاز میں سوار ہونے سے قبل خاموشی کے ساتھ تلبیہ پڑھتے رہے جبکہ سعودی حکام نے انہیں خصوصی سہولیات فراہم کیں۔ رپورٹ کے مطابق معمر حاجی نے امیگریشن اور پاسپورٹ کی تمام کارروائیاں آسانی سے مکمل کیں اس طرح ایک صدی سے زائد عرصے سے دل میں بسے حج کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کامیاب ہوگئے۔مکہ روٹ انیشی ایٹو کا آغاز 2017 میں سعودی وژن2030 کے تحت کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے ذریعے عازمین حج اپنے وطن ہی میں امیگریشن، کسٹمز اور طبی جانچ کی کارروائیاں مکمل کرلیتے ہیں، جس کے بعد وہ سعودی عرب پہنچ کر مقامی مسافروں کی طرح آسانی سے اپنے سفرکو جاری رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے بلیز ڈیاگنے انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین حج نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ مغربی افریقی ملک میں اس سہولت کے آغاز نے ان کے سفر کو نہایت آرام دہ اور آسان بنادیا ہے۔