ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ کا جائزہ اجلاس، محکمہ جات میں تال میل کی ہدایت
حیدرآباد 28 فروری (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شیخ یاسمین باشاہ آئی اے ایس نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں مکہ مسجد ، شاہی مسجد اور سکریٹریٹ مسجد میں نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں تاکہ افطار اور تراویح کے موقع پر روزہ داروں اور مصلیوں کو دشواری نہ ہوں۔ حکومت کی سطح پر حالیہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل کا جائزہ لینے یاسمین باشاہ نے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات میں عہدیداروں کو باہمی تال میل کیلئے وارڈس ایپ گروپ قائم کرنے کی ہدایت دی۔ مساجد میں شام 5 بجے تا عشاء تک انتظامات کی نگرانی کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مساجد میں تعمیری اور مرمتی کاموں کے علاوہ کارپوریٹ کی صفائی ، الیکٹریکل ریپیرینگ ، واٹر کولرس کی تنصیب اور صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ مساجد میں برقی کی بلا وقفہ سربراہی کیلئے محکمہ برقی کو ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد میں اضافی عملہ کے ذریعہ موثر انتطامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے تینوں مساجد کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ بطور ہدیہ پیش کرنے کی حکومت سے سفارش کی ہے۔ رمضان کے ایک ماہ کیلئے مکہ مسجد میں اضافی اسٹاف کا تقرر کیا جاتا ہے۔ یاسمین باشاہ نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دیگر محکمہ جات کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔1