مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کی کروڑوں روپے کی جائیداد مستقل طور پر ضبط ہوگی

   

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کے کروڑوں روپے کے اثاثوں کو مستقل طور پر ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ان میں کرلا میں گواوالا کمپاؤنڈ، تین فلیٹ، باندرہ میں دو فلیٹ، ضلع عثمان آباد میں 147 ایکڑ اراضی اور خاندان کی سولیڈس انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی شامل ہے۔ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں فروری میں گرفتار ملک کی جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کر لیا تھا۔ تب سے وہ عدالتی حراست میں ہیں۔ عدالت کے حکم پر انہیں علاج کے لیے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ملک نے جائیداد کی ضبطی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے عدالتی اتھارٹی سے قانونی مشورہ لیاتھا۔ اتھارٹی نے ای ڈی کی کارروائی کودرست قرار دیاتھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے اسے مستقل طور پر ضبط کرنے کا عمل شروع کرتے ہوئے عدالتی اتھارٹی سے دوبارہ قانونی مشورہ طلب کیا۔ اتھارٹی نے ای ڈی کو اپنی منظوری دے دی ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے ای ڈی کے اس اقدام کو ضرورت سے زیادہ تیز قرار دیا ہے