مہاراشٹرا ، کیرالا میں اومی کرون کیسیس کے اضافہ پر تلنگانہ میں چوکسی

   

تیسری لہر سے نمٹنے 21 ہزار آئسولیشن کٹس ، آکسیجن ، ادویات کا اسٹاک تیار رکھنے ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کیرالا میں کورونا کی نئی شکل اومی کرون کے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ میں چوکسی اختیار کرنے کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ آج بی آر کے بھون میں وزیر صحت نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال ، اومی کرون کی دہشت اور امکانی کورونا کی تیسری لہر کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار ، ہیلت سکریٹری رضوی ، ڈی ایم ای رمیش ریڈی کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ساوتھ آفریقہ ، برطانیہ کے علاوہ دوسرے ممالک میں کورونا کی نئی شکل اومی کرون کا تیزی سے پھیلاؤ ہورہا ہے ۔ ریاست میں چوکسی اختیار کرنے اور تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ملک میں مہاراشٹرا اور کیرالا میں اومی کرون کے نئے کیسیس کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا اور تازہ حالت سے باخبر رہنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ اس کا روزانہ جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ۔ ریاست میں کورونا کی امکانی لہر کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا ۔ نئے ویرینٹ کی شکل میں تیسری لہر کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ لہذا احتیاطی طور پر 21 لاکھ ہوم آئسولیشن کٹس تیار کرنے 545 میٹرک ٹن آکسیجن کے اسٹاک کو دستیاب رکھنے کے احکامات جاری کئے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں 27,996 کے منجملہ 25,826 بیڈس کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ماباقی بیڈس کو بھی فوری آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کا مشورہ دیا ۔ سنٹرل ڈرگ اسورٹس میں ادویات کے اسٹاک کو موجود رکھنے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے ۔ ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کرنے بالخصوص دوسرے ڈوز پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا اور کوویڈ کے پروٹوکال پر عمل کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔۔ ن