آدتیہ ٹھاکرے سمیت تمام ارکان اسمبلی کو وہپ جاری
ممبئی: مہاراشٹرا میں شیو سینا کے باغی ارکان اسمبلی اور بی جے پی نے مخلوط حکومت تشکیل دیدی ہے اور مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہو چکا ہے۔ دریں اثناء باغی ارکان اسمبلی شیوسینا پر دعوی کرتے ہوئے کئی طرح کی چالیں چل رہے ہیں۔اسمبلی میں آج اسپیکر کا انتخاب بھی ہوگیا، اس سے قبل ہی مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں شیوسینا کے دفتر کو مہر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ دفتر کس گروپ کے کہنے پر سیل کیا گیا ہے۔ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ دفتر کو شیو سینا لیجسلیچر پارٹی نے سیل کر دیا ہے۔دریں اثناء ایکناتھ شنڈے نے ادھو ٹھاکرے گروپ کے تمام ارکان اسمبلی کو وہپ جاری کیا ہے جس میں ان سے بی جے پی کے اسپیکر امیدوار راہول نارویکر کے حق میں ووٹ دینے کو کہا گیا تھا ۔ یہ وہپ سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو بھی جاری کیا گیا ہے۔